خواب
خواب دیکھنے پر تو کوئ پابندی نہیں
خواب سنانے پر ہے
کیونکہ ایسا کرنے سے آپ
دوسروں کو بھی وہ خواب دکھا دیتے ہیں
جو انہوں نے ابھی تک خود نہیں دیکھا
اس طرح مجاز کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے
مجاز کو تو جواز کی ضرورت ہوتی ہے
اور حقیقت حق ہے
ایک انسان کا خواب تو مجاز ہے
سب دیکھ لیں تو حقیقت میں بدل سکتا ہے
اس ابلاغ کی اجازت نہیں دی جا سکتی
سرکاری اہلکار نے یہ سب
ایک سپاٹ لہجے میں کہا
اور ہاں
خوابوں کی تعبیر ڈھونڈنے پر بھی پابندی ہے
تعبیر عدم استحکام کی علامت ہے
جسے کوئ معاشرہ برداشت نہیں کر سکتا
اور ہمارا معاشرہ تو اب جا کر
صحیح رستے پر لگا ہے
سو بے بنیاد خوابوں کی تعبیریں ڈھونڈنا
جرم ٹھہرا تو ہے ہی
دوسروں کو سنانا بھی
فساد فی الارض سے خالی نہیں
آینٰدہ ایسا جواز نہ فراہم کرنے
کی تلقین کے ساتھ
سرکاری اہلکار واپس چلا گیا
آج وہ اہلکار پھر آیا تھا
موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ
خواب دیکھنا امنِ عامہ کے لیے مضر ہے
آپ یہ روشن دان اور کھڑکیاں بند کر دیں
خواہ مخواہ باہر کی ہوا اور روشنی آتی ہے
اور اس کے ساتھ
بھٹکتے ہوئے خواب
بھی آ ٹپکتے ہیں
نت نئے مسئلے پیدا کر دیتے ہیں
اس میں نیند کا خلل بھی شامل ہے
نیند اچھی آنی چاہیے
سب کا بھلا ہوتا ہے جب لوگ
چین کی نیند سوتے ہیں
ہمارے پاس جدید آلات موجود ہیں
جو ہوا کو گردش میں رکھیں گے
اور مصنوعی روشنی بھی پیدا کریں گے
جب یہ سب کچھ موجود ہے تو
پھر خواب دیکھنے کی کیا ٖضرورت ہے
خواب دیکھیں گے تو سنایں گے بھی
اور ان کی تعبیر بھی ڈھونڈیں گے
سرکاری اہلکار نظریں ملائے بغیر
رخصت ہو گیا
خواب دیکھنے کے خوف سے
شاید آج رات
مجھے نیند نہ آئے
ناصر گوندل
اتوار ۲۲ نومبر ۲۰۲۰ء
نیو یارک
No comments:
Post a Comment