Sunday, January 12, 2020

Ghazal راج کنور تو راج کرے گا





غزل

راج کنور تو راج کرے گا وہ تو راج دلارا ہے
راج کا بیٹا اینٹ لگائے وہ قسمت کا مارا ہے

چاہے اپنے حق میں تم کئی لاکھ دلیلیں لے آوٗ
جس کے ہاتھ میں لاٹھی ہو گی اس کا چاند ستارہ ہے

آج میری اوقات نہیں ہے کل بھی کوئی خاص نہ تھی
پھر بھی اک نسبت کے ناتے دل کو ایک سہارا ہے

گھر کو چھوڑنے والے کو پھر بستی نے اپنایا نا
چاہے اس نے سود ملا کے دونا قرض اتارا ہے

اپنے آپ سے سچا رہنا میں نے تم سے سیکھا ہے
جھوٹ نگر میں میرے بچو یہ احسان تمہارا ہے

مستقبل کو گروی رکھ کے ماضی کو چمکا لینا
میں اس کو جیسے بھی دیکھوں اس میں صاف خسارہ ہے

گھر میں کوئی رہتا ہو تو لوگ بھی ملنے آتے ہیں
کل جس آنگن سورج اترے آج وہیں اندھیارا ہے

ایک ہی کیفیت میں ہوں میں محفل ہو یا تنہائی
جو بھی وقت گزارا ہے وہ تیرے ساتھ گزارہ ہے

ناصر گوندل
حلقہٗ اربابِ ذوق، نیو یارک
اتوار12/جنوری2020













3 comments: